اسلام آباد(آئی پی ایس ) پاکستان سوئٹزرلینڈ پارلیمانی دوستی گروپ کے کنوینر فرح ناز اکبر کی قیادت میں گروپ کے ارکان نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر اسٹیفن رے سے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے عملی مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں قومی اسمبلی کے ارکان رانا مبشر اقبال، احمد رضا مانیکا، میاں خان بگٹی، پلین بلوچ، کرن حیدر، نیلم، ہما اختر چغتائی اور ماہ جبین خان عباسی سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔کنوینر فرح ناز اکبر نے سوئس سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمانی دوستی گروپ کو بامقصد اور نتیجہ خیز روابط کا مثر پلیٹ فارم بنایا جائے۔
انہوں نے پارلیمان کے ارکان کے درمیان مسلسل رابطوں، عوامی سطح پر تبادلوں اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے سوئٹزرلینڈ کی پارلیمان میں پاکستان کے ساتھ پارلیمانی دوستی کے لیے ایک ہم منصب گروپ تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی۔
اس سلسلے میں ورچوئل اجلاسوں، باہمی دوروں اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کے ذریعے دونوں ممالک کے ارکان پارلیمان کو ایک دوسرے کے تجربات اور قانون سازی و نگرانی کے امور سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔
