اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی حکومت نے سول سرونٹس اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات سے متعلق تفصیلات جمع کرنے کا عمل تیز کر دیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے ماتحت افسران کا ریکارڈ یکجا کرکے طلب کر لیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق سول سرونٹس کو اپنے اور اپنے زیرِ کفالت افراد کے حوالے سے کسی بھی غیر ملکی ملک کی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات رکھنے اور کسی غیر ملکی شہری سے شادی کی تفصیلات ظاہر کرنا ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے مقررہ فارمیٹ میں اعلامیہ جمع کرانا لازم ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارتوں اور ڈویژنز سے افسران کے نام، عہدوں، بنیادی پے اسکیل اور اعلامیہ جمع کرانے کی حیثیت سمیت مکمل معلومات طلب کی ہیں۔
افسران اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات کی حیثیت بھی ریکارڈ کا حصہ ہوگی۔آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ قواعد کی سرکاری گزٹ میں اشاعت کے بعد 90 دن کے اندر اعلامیہ جمع کرانا ہوگا۔ مقررہ اعلامیہ جمع نہ کرانے یا اس میں غلط معلومات فراہم کرنے کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا۔
