پشاور (سب نیوز): رومانیہ کے اعزازی قونصل خانے پشاور نے الخیر ایجوکیشن سینٹر میں اسکول کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور خاتون ٹیچر کے لواحقین کی مدد کے لیے مالی امداد فراہم کر دی۔
15 اکتوبر 2026 کو پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں کم از کم 34 طلبہ اور ایک خاتون ٹیچر جان کی بازی ہار گئے تھے۔ حادثے کے بعد متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے رومانیہ کے اعزازی قونصل خانے کی جانب سے مالی تعاون فراہم کیا گیا۔
رومانیہ کے اعزازی قونصل خانے کی جانب سے جنرل منیجر عباس پرویز نے اعزازی قونصل مسعود احمد قاضی کی نمائندگی کرتے ہوئے امدادی رقم لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے ایڈمنسٹریٹر کے حوالے کی، تاکہ اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔
پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنسکو نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا ہے۔ یہ بچے اپنے گھروں سے تعلیم حاصل کرنے اور روشن مستقبل کے خواب لے کر اسکول گئے تھے، مگر کبھی واپس نہیں لوٹ سکیں گے۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ اپنی جانیں گنوانے والی خاتون ٹیچر کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
رومانیہ کے سفیر نے جاں بحق بچوں، ٹیچر اور دیگر متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بچے کو کھونے کے غم کو الفاظ سے کم نہیں کیا جا سکتا، تاہم امید ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو اپنے اردگرد موجود لوگوں کی ہمدردی، تعاون اور یکجہتی سے حوصلہ ملے گا۔ رومانیہ اس المناک سانحے پر پشاور کے عوام کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔
پشاور میں رومانیہ کے اعزازی قونصل مسعود احمد قاضی نے کہا کہ اس سانحے نے پوری کمیونٹی کو شدید غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ کسی بھی مالی امداد سے کسی عزیز کی جدائی کا نقصان پورا نہیں کیا جا سکتا، تاہم یہ تعاون متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور اس ناقابلِ تصور مشکل گھڑی میں ان کی مدد کرنے کی ایک مخلصانہ کوشش ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر، حوصلے اور سکون کی دعا بھی کی۔
رومانیہ کے سفارت خانے اور پشاور میں اعزازی قونصل خانے نے سانحے کے بعد امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے ریسکیو اہلکاروں، ڈاکٹروں، نرسوں اور ہسپتال کے دیگر عملے کی خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے متاثرین کی مدد اور زخمیوں کے علاج کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
رومانیہ کے سفارت خانے اور اعزازی قونصل خانے نے اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں اور پشاور کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کسی بھی کمیونٹی کو دوبارہ ایسی المناک صورتحال اور ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
