ہومپاکستانشنگھائی میں سندھ سرمایہ کاری کانفرنس، چینی کمپنیوں کیساتھ 34سے زائد معاہدوں پر دستخط

شنگھائی میں سندھ سرمایہ کاری کانفرنس، چینی کمپنیوں کیساتھ 34سے زائد معاہدوں پر دستخط

شنگھائی (سب نیوز)چین میں شنگھائی سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران سندھ حکومت اور چینی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری کے 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے۔سینیئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ 10حکومتی سطح پر (جی ٹو جی)24 دیگر کاروباری اداروں کے درمیان (بی ٹو بی) معاہدوں پر دستخط کیے گئے، سندھ میں چینی سرمایہ کاری سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران پاک چین کاروباری اشتراک کو فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ توانائی، کوئلے اور جامعات سمیت دیگر اہم شعبوں کے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے شنگھائی سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان اور چین کے سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پاکستان اور پورے خطے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون معیشت میں بہتری اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سی پیک کا حصہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون چینی سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے، چینی سرمایہ کاروں نے دھابیجی زون میں سرمایہ کاری اور صنعتی یونٹس قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، سرمایہ کاری کے نتیجے میں صوبے میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس کے بعد وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انویسٹمنٹ کانفرنس کے ذریعے سندھ میں چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، نوجوانوں کے لیے روزگار اور تربیت کے مواقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی میں 12 سال بعد دوسری سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے، گزشتہ 12 سال میں سندھ نے چینی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے تیاری کی ہے۔ پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت ہر سال تقریبا 1500 نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ نجی شعبے میں بھی متعدد کاروباری اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، تمام ایم او یوز کے پیچھے پہلے سے کی گئی محنت اور تیاری شامل ہے، ان کے عملی شکل اختیار کرنے کی پوری امید ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔