ہومپاکستانصدر مملکت آصف علی زرداری سے ناروے کے نامزد سفیر کی ملاقات، اسنادِ سفارت پیش

صدر مملکت آصف علی زرداری سے ناروے کے نامزد سفیر کی ملاقات، اسنادِ سفارت پیش

اسلام آباد(سب نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے ناروے کے نامزد سفیر سگوالڈ ہاگے نے پیر کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور اپنی اسنادِ سفارت پیش کیں۔صدر مملکت نے ناروے کے نامزد سفیر کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 2022 کے تباہ کن سیلابوں کے دوران ناروے کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے اپریل 2026 میں دونوں ممالک کے درمیان موسمیاتی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم بھی کیا۔صدر مملکت نے قابلِ تجدید توانائی، بحری امور، ٹیکنالوجی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان تعلقات کے فروغ میں پاکستانی تارکین وطن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکریٹری خارجہ آصف افتخار احمد بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔