ہومپاکستانصدر مملکت آصف علی زرداری سے سوئٹزرلینڈ کے نامزد سفیر کی ملاقات، اسنادِ سفارت پیش

صدر مملکت آصف علی زرداری سے سوئٹزرلینڈ کے نامزد سفیر کی ملاقات، اسنادِ سفارت پیش

اسلام آباد(سب نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے سوئٹزرلینڈ کے نامزد سفیر اسٹیفن لوراں رے نے پیر کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور اپنی اسنادِ سفارت پیش کیں۔صدر مملکت نے سوئٹزرلینڈ کے نامزد سفیر کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کے فروغ اور تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے ثالثی اور قیامِ امن کی کوششوں میں سوئٹزرلینڈ کے کردار کو سراہا، جس میں امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان برگن اسٹاک میں تکنیکی مذاکرات کے انعقاد میں سہولت کاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے تجارت، سرمایہ کاری، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی، قابلِ تجدید توانائی، آبی وسائل کے انتظام اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکریٹری خارجہ آصف افتخار احمد بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔