شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک مارے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق عزم استحکام وژن کے تحت خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فورسز نے بھرپور عزم اور جنگی مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے علاقے میں ان کے لیے گنجائش محدود کردی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز عزم استحکام ویژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی جاری کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے علاقے عیدک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف منظم کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کی عکاس ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا، جو لائق تحسین ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی ملکی امن و سلامتی کی ضامن ہے۔ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ تمام دہشت گرد عناصر کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی، پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر کرتی ہے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے والے وطن کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت پوری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن؛ 7 دہشت گرد ہلاک
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
