ہومپاکستانامریکی اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے جعلی دستاویزات جمع کرانے والا ملزم گرفتار

امریکی اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے جعلی دستاویزات جمع کرانے والا ملزم گرفتار

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے امریکی اسٹوڈنٹ ویزا کے حصول کے لیے جعلی دستاویزات جمع کرانے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے مطابق کارروائی امریکی سفارتخانے کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر کی گئی۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے لاہور میں قائم ایک ایجوکیشنل کنسلٹنسی کے ذریعے ویزا پراسیسنگ کے لیے 2 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔تحقیقات کے مطابق امریکی اسٹوڈنٹ ویزا کی درخواست کے ساتھ جعلی بینک اسٹیٹمنٹس، ایف بی آر ٹیکس ریکارڈ اور دیگر دستاویزات تیار کرکے امریکی سفارتخانے میں جمع کرائی گئیں، جو تصدیق کے دوران جعلی ثابت ہوئیں۔ایف آئی اے نے ملزم اور اس کے ایجنٹ کے خلاف مقدمہ نمبر ایف آئی آر اے ایچ ٹی سی 833/26درج کر لیا ہے، جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق کیس میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور عناصر کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک سفر میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔