اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی حکومت نے طویل انتظار کے بعد 35نئی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کے تعین کی حتمی منظوری دیدی جب کہ مزید 45 ادویات کی منظوری بھی جلد متوقع ہے۔ اس منظور کے بعد پاکستان میں کینسر، امراضِ قلب، ٹائیفائیڈ اور مختلف ویکسینز سمیت جدید ضروری ادویات کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گئی۔
پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق ادویات کی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن رواں ہفتے جاری ہونے کی توقع ہے۔پی پی ایم اے کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر صحت سید مصطفی کمال نے یہ معاملہ اعلی سطح پر اٹھایا اور وفاقی کابینہ سمیت وزیراعظم شہباز شریف کو ان ادویات کی فوری دستیابی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ قیمتوں کی منظوری میں تاخیر سے نہ صرف سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے بلکہ مریضوں کی زندگیاں بھی خطرے میں ہیں۔ اس فیصلے سے ان اہم علاج معالجے کی سہولیات تک رسائی ممکن ہو سکے گی جو طویل عرصے سے قیمتوں کے تعین نہ ہونے کی وجہ سے دستیاب نہیں تھیں، جس کے باعث مریض غیر منظم اور مہنگی اسمگل شدہ ادویات کے استعمال پر مجبور تھے۔
فارماسیوٹیکل صنعت کے ایک ذریعے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، جو وفاقی کابینہ کے سربراہ بھی ہیں، نے نئی اور ضروری ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن کسی بھی وقت رواں ہفتے جاری کیا جاسکتا ہے تاہم ان ادویات کی قیمتوں کی منظوری گزشتہ دو سال سے التوا کا شکار تھی۔ذرائع کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ)اور وفاقی وزارت صحت نے بھی نئی ادویات کی قیمتوں کے نوٹیفکیشن کی حکومتی منظوری کی تصدیق کی ہے۔پی پی ایم اے کے سینئر وائس چیئرمین کامران ناصر نے بھی پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مزید 45 جدید ادویات کی قیمتوں کی منظوری کا عمل جاری ہے۔
سابق چیئرمین پی پی ایم اے توقیر الحق کے مطابق منظور شدہ ادویات سے کینسر، امراض قلب، ٹائیفائیڈ اور دیگر بیماریوں کے مریضوں کو جدید علاج کی سہولت مل سکے گی۔ ان کے مطابق قیمتوں کی منظوری میں تاخیر کے باعث بعض ادویات بیرون ملک سے پاکستان میں ان قیمتوں سے 10 گنا زیادہ قیمت پر درآمد کی جارہی تھیں جب کہ اب یہ ادویات ملک میں کم قیمت پر دستیاب ہوسکیں گی۔منظور شدہ ادویات میں کینسر اور دل کے امراض کی ادویات کے علاوہ ٹائیفائیڈ، پولیو اور نمونیا کی ویکسین، کوایگولیشن فیکٹر 8، ریبیز امیونوگلوبیولن اور سیماگلوٹائیڈ سمیت دیگر اہم علاج شامل ہیں۔پی پی ایم اے کے مطابق قیمتوں کی منظوری سے ان ادویات کی پاکستان میں دستیابی بہتر ہونے کے ساتھ مقامی فارماسیوٹیکل صنعت کے لیے انہیں دیگر ممالک کو برآمد کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
دو سالہ تاخیر کے بعد 35جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کے تعین کی منظوری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
