تہران (سب نیوز)ایران نے اپنی ایوی ایشن انڈسٹری پر امریکا کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر قانونی اور سفارتی کارروائی شروع کردی ہے۔ ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ کے مطابق پابندیوں کے باعث پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، جب کہ ایران نے عالمی سول ایوی ایشن تنظیم اور عالمی عدالت انصاف میں باضابطہ شکایات جمع کرادی ہیں۔
ایران نے اپنی ایوی ایشن انڈسٹری پر امریکا کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ کے ادارے اور عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرلیا ہے۔ایرانی سرکاری خبررساں ادارے ارنا کے مطابق سول ایوی ایشن کے سربراہ ابوذر شیرازی نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی فضائی صنعت کے جائز حقوق کے دفاع اور امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کے خلاف انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او)میں باضابطہ احتجاج جمع کرایا ہے۔
ابوذر شیرازی کے مطابق یہ اقدام ایران کی فضائی صنعت پر عائد پابندیوں کا مقابلہ کرنے اور اس شعبے کے حقوق کے دفاع کے لیے کیا گیا ہے۔ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کے تعاون سے ایران نے عالمی عدالت انصاف میں بھی شکایت دائر کردی ہے۔آئی سی اے او اقوام متحدہ کا ایک ادارہ ہے جو کینیڈا کے شہر مونٹریال میں قائم ہے اور سول ایوی ایشن کے معیارات طے کرنے اور ان کی نگرانی سے متعلق ذمہ داریاں انجام دیتا ہے۔ایرانی حکام کے مطابق امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کے باعث ایران کی فضائی صنعت کو مشکلات کا سامنا ہے اور بعض پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی سیکریٹری خزانہ نے 8 ستمبر کو ایران کی ایوی ایشن انڈسٹری سے منسلک 36 اداروں اور کمپنیوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق 23 ستمبر کے بعد ایرانی ایئرلائنز کے لیے بین الاقوامی سطح پر آپریشن جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔امریکا نے پابندیوں کے ساتھ خبردار کیا تھا کہ پابندیوں کی زد میں آنے والی ایرانی ایئرلائنز کو خدمات فراہم کرنے والے غیر ملکی ایئرپورٹس اور دیگر اداروں کو بھی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسے اداروں کو امریکی ڈالر کے بینکنگ نظام سے خارج کیے جانے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ ابوذر شیرازی کے مطابق ایران نے ان امریکی پابندیوں کے خلاف انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن اور عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرکے اپنی فضائی صنعت کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔
ایران کا امریکی فضائی پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ اور عالمی عدالت سے رجوع
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
