ہومبریکنگ نیوزامریکی پابندیوں کا دبا ئوبڑھ گیا، عراق کے نجف ایئرپورٹ نے ایرانی پروازوں کو روک دیا

امریکی پابندیوں کا دبا ئوبڑھ گیا، عراق کے نجف ایئرپورٹ نے ایرانی پروازوں کو روک دیا

بغداد (آئی پی ایس )عراق کے نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایران سے آنے اور ایران جانے والی تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق پروازوں کی معطلی جمعہ 25 ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق رات 2 بجے سے نافذ ہوئی اور تاحکمِ ثانی جاری رہے گی۔ایئرپورٹ انتظامیہ نے متعلقہ ایئرلائنز اور فلائٹ آپریشنز سے وابستہ اداروں کو متاثرہ پروازوں سے متعلق سرگرمیاں روکنے کی ہدایت کی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پروازیں دوبارہ شروع کرنے سے متعلق نئی ہدایات جاری ہونے پر متعلقہ فضائی کمپنیوں کو آگاہ کردیا جائے گا۔یہ پیش رفت بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں روکنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ عراق نے بدھ سے بغداد ایئرپورٹ پر ایرانی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ اس سے قبل عراقی حکام ایرانی پروازوں کو بغداد سے نجف منتقل کرنے پر غور کر رہے تھے۔

پروازوں کی معطلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا نے ایرانی ایئرلائنز کے خلاف پابندیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ان اداروں کو بھی پابندیوں کی دھمکی دی ہے جو ایرانی فضائی کمپنیوں کو ایندھن، لینڈنگ یا دیگر ہوائی اڈے کی خدمات فراہم کریں۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ ایرانی ایئرلائنز کے ساتھ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔