ہومپاکستانکسی بھی پرتشدد گروہ کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائیگی، عطاتارڑ نے خبردار کردیا

کسی بھی پرتشدد گروہ کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائیگی، عطاتارڑ نے خبردار کردیا

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی پرتشدد گروہ کو اسلام آباد آنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ امن و امان برقرار رکھنا اور احتجاج کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دینا حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سڑکیں بند کرنے اور عوام کی نقل و حرکت میں خلل ڈالنے کے حوالے سے واضح احکامات موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ ساری سڑکیں کھلی رہیں گی اور مظاہرین کو ایسے طریقے سے دارالحکومت پہنچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے عوام کی آمدورفت متاثر ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے فیول سبسڈی کی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ کیونکہ وزیراعظم نے اس حوالے سے بروقت اسکیم کی منصوبہ بندی کی۔ عالمی سطح پر کشیدگی سے تمام ممالک ہی متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم کے سلسلے میں تمام محکموں کو بھی ساتھ رکھا اور تمام تر منصوبہ بندی کے بعد اس اسکیم کا اعلان کیا۔ جبکہ اس اسکیم میں آئی ٹی کے شعبے کو بھی ساتھ رکھا گیا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پورے ملک میں کامیابی سے اسکیم کا چلنا وزیر اعظم کی نیک نیتی ہے جبکہ عوام اور میڈیا کی جانب سے اچھا فیڈ بیک ملا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے عوامی مطالبے پر موٹر سائیکل، رکشے کی مدت بھی بڑھا دی اور ایس ایم ایس چارجز کو ختم کرکے اسے مفت کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کے لیے پانچ لیٹر کا ٹوکن تھا لیکن اب وہ شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے ہفتے میں پانچ سو روپے کی رعایت کا اعلان کیا ہے اور اب جو بھی 600 روپے کا پیٹرول ڈلوائے گا اسے صرف سو روپے ادا کرنے پڑیں گے۔وفاقی وزیر نے اسکیم سے متعلق مزید کہا کہ پورے پاکستان بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو یہ رعایت ملے گی۔ جبکہ تمام پیٹرول پمپس سے یہ رعایت حاصل کی جاسکتی ہے۔ ابھی تک 22 لاکھ افراد اس اسکیم میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ جس میں 92 فیصد موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی کے مالکان شامل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔