ہومبریکنگ نیوزسعودی عرب کے دفاع سے متعلق آئی ایس پی آر کا بیان پوری قوم کی ترجمانی ہے، تحفظ حرمین شریفین کانفرنس

سعودی عرب کے دفاع سے متعلق آئی ایس پی آر کا بیان پوری قوم کی ترجمانی ہے، تحفظ حرمین شریفین کانفرنس

اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور پاک سعودی یکجہتی کونسل نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے لیے جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق محض سیاسی یا حکومتی نہیں بلکہ مقدس اور روحانی رشتہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے جمعیت علما اسلام کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری، جمعیت علما پاکستان کے صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، سیکریٹری جنرل پاک سعودی یکجہتی کونسل مولانا فضل الرحمان خلیل، صدر جماعت اہل سنت مولانا اورنگزیب فاروقی نے خطاب کیا۔اس کے علاوہ آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر پیر مظہر سعید شاہ، نائب امیر یکجہتی کونسل مولانا علی محمد ابو تراب، پروفیسر سجاد قمر، مولانا عتیق الرحمان شاہ کاشمیری، جمعیت علما اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق، پیر چراغ الدین شاہ اور قاری محبوب الرحمان بھی خطاب کرنے والوں میں شامل تھے۔

کانفرنس میں مولانا طیب الرحمان شاہ، مولانا عطا دیشانی، مولانا منظور، جمیل الرحمان فاروقی، مولانا عبدالرحمان معاویہ، مولانا عبدالکریم اور مولانا ہارون الرشید سمیت مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس نے پوری قوم کو یہ پیغام دیا ہے کہ حرمین شریفین پر حملہ ہوا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کا بیان پوری قوم کی ترجمانی ہے۔

سردار محمد یوسف نے کہاکہ پاک سعودی یکجہتی کونسل عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی ترجمانی کر رہی ہے، جبکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے۔ دنیا میں جہاں بھی مسلمانوں پر حملہ ہوا، پاکستان نے اس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہم سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہیں اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سعودی عرب ہماری سرخ لکیر ہے اور ہم کسی کو اسے پار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

سرپرست پاک سعودی یکجہتی کونسل اور امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ پاک سعودی یکجہتی کونسل کی کانفرنس میں تمام جماعتیں ایک زبان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس حوثی باغیوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ پاکستان کے عوام اور علما حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہاکہ کچھ عرصہ قبل ایران پر حملہ ہوا تو ہم سب نے اس کی مذمت کی، ہم متفقہ طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ہم سب سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ مکہ اور مدینہ ہمیں اپنی جانوں سے عزیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فورسز کے ساتھ ساتھ پاکستان کے عوام بھی سعودی عرب جاکر لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے بقول یہود و ہنود اپنی پراکسیوں کے ذریعے ارض مقدس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم ان کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں، حوثی فوری طور پر اپنے حملے بند کریں۔ آبنائے ہرمز، باب المندب اور تمام بحری راستے سب کے لیے کھولے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا بچہ بچہ سعودی عرب پر کٹ مرنے کے لیے تیار ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔