ہومبریکنگ نیوزپاکستان کی معاشی ترقی کیلئے برآمدی شعبے کو آگے بڑھانا ہوگا:قیصر احمد شیخ

پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے برآمدی شعبے کو آگے بڑھانا ہوگا:قیصر احمد شیخ

کراچی (آئی پی ایس )وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے اور ملکی معیشت میں اس کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے سیاسی اہمیت بھی دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ 1987 میں کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر رہے، اس لیے انہیں کراچی کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے۔ کراچی معاشی ہب ہے جو ان کے مطابق ملکی ریونیو کا تقریبا 60 فیصد فراہم کرتا ہے۔

قیصر احمد شیخ نے بتایا کہ ورلڈ اکنامک فورم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستانی وفد کو مدعو کیا ہے اور 23 ستمبر کو ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ میٹنگ ہوگی، جس میں پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ میں متعلقہ اداروں کی مشاورت سے کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ بننے والے ضوابط کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دنیا میں معاشی ترقی برآمدی شعبے کی نمو کے باعث ہوئی ہے، اس لیے پاکستان کو بھی برآمدات بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں کے بعد اب معاشی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ ان کے مطابق دنیا بھر میں فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی سفارتکاری کا چرچا ہے، جس سے پاکستان کے لیے معاشی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔قیصر احمد شیخ نے دفاعی بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا دفاعی بجٹ 85 ارب ڈالر ہے جبکہ پاکستان کا دفاعی بجٹ رواں مالی سال تقریبا 10.5 ارب ڈالر تک بڑھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 12 کروڑ شہری غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، لہذا معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے ڈھائی سال سے اپنے منصب کی کوئی تنخواہ نہیں لی بلکہ کروڑوں روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آنے کا مقصد یہی ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے مثر بات چیت کی جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔