اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خاتمے اور ملک کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔
سردار ایاز صادق نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ شہداء کی لازوال قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم، حوصلے اور یکجہتی کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان وطن کے امن اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، جنہیں پوری قوم قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا شہداء کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔
