اسلام آباد (سب نیوز)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا،تمام دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مال، بازار، ڈیپارٹمنٹل اسٹور، جنرل سٹور رات 9 بجے تک کھلیں رہیں گے، میرج ہال، مارکیز اور تمام کمرشل جگہیں رات 10 بجے تک کھلیں رہیں گی، ریسٹورنٹس، کیفے، فوڈ آوٹ لیٹس، فروٹ و سبزی کی دکانیں رات 11بجے تک کھلیں رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور معاشی دباو کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے کفایت شعاری مہم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں تجارتی مراکز رات 9 بجے اور ریسٹورنٹس 11 بجے بند کر دیے جائیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئے احکامات کے تحت توانائی کی بچت کے لیے تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔اسی طرح عوام کی تفریح اور طعام کے مراکز، یعنی تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے لیے رات 11 بجے کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
عوام کی بنیادی ضروریات اور صحت کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے چند اہم شعبوں کو ان پابندیوں سے باہر رکھا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پمپس، فارمیسیز، اسپتالوں اور تندوروں کو اوقات کار کی اس پابندی سے مکمل استثنی حاصل ہوگا اور یہ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔کاروباری سرگرمیوں کے اوقات محدود کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری سطح پر بھی اخراجات کم کرنے کے لیے عملی قدم اٹھایا گیا ہے۔تمام وفاقی محکموں کو سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں واضح اور نمایاں کمی لانے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
البتہ ریاستی مشینری کو رواں دواں رکھنے کے لیے ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ضروری خدمات کے اداروں کو اس پابندی سے استثنی دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ محاصل اکٹھا کرنے والے ادارے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی آپریشنل گاڑیوں کو بھی فیول کٹوتی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے تاکہ ان کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔
اس کے علاوہ قانون نافذکرنے والے اداروں سمیت تمام سرکاری اداروں کے فیول پر 50 فیصد کٹوتی ،ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ،وفاقی کابینہ کے غیر ملکی دوروں پر بھی پابندی عائد،ضروری دوروں کیلئے کابینہ ارکان کو اکانومی کلاس میں سفر کریں گے،تمام سرکاری اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوں گے، غیر ملکی وفود کے علاوہ تمام سرکاری عشائیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے یہ ہنگامی اقدامات ایک ایسے وقت میں اٹھائے گئے ہیں جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھا وجاری ہے۔ملکی معیشت کو درپیش موجودہ چیلنجز کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل پر دباو کم کرنے کے لیے ان اقدامات کو ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے تاکہ قومی خزانے کو مزید بوجھ سے بچایا جا سکے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
