کراچی (سب نیوز) پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے ڈیفنس اتاشی اور اپنے وفد کے ہمراہ کراچی میں پاک بحریہ کا دورہ کیا، جہاں اعلیٰ بحری حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں بحری امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دورے کے دوران نیدرلینڈز کے سفیر نے کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی، کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل امین اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر سے ملاقاتیں کیں۔وفد نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل شہزاد اقبال، منیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس ریئر ایڈمرل سلمان الیاس اور چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر وفد نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر اور پی این ایس قاسم کا بھی دورہ کیا، جہاں اسے پاکستان نیوی کی بحری سرگرمیوں اور متعلقہ اداروں کے امور سے آگاہی حاصل ہوئی۔نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے دورے کے دوران پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور دورے کے انتظامات و سہولت کاری کو سراہا۔
نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ کا پاک بحریہ کا دورہ، بحری امور پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
