اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفی علی نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ سوڈان اپنے موجودہ بحران سے نکل کر ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے ،زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی، جی 77 اور دیگر کثیر الجہتی فورمز پر سوڈان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ،سوڈانی وزیر داخلہ نے مشکل صورتحال میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے انسانی و طبی امداد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے سوڈان میں امن و امان کی کوششوں کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت کو بھی سراہا اور خطے کی امن اور ثالثی کے حوالے سے پاکستان کے کوششوں کی تعریف کی ۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
