بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل اور مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پوری پاکستانی قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے، وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت آواران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت پرعزم ہیں۔ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
