چینگدو، چین کے شہر چینگدو میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر وانڈا ریجن چینگدو میں ایک شاندار استقبالیہ کا اہتمام کیا۔
تقریب کی صدارت قونصل جنرل پاکستان چینگدو تنویر اے بھٹی نے کی، جبکہ سیچوان صوبائی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین ہی یان ژینگ اور سیچوان صوبے کے دفتر برائے خارجہ امور کی ڈائریکٹر جنرل ژانگ تاؤ تقریب کے مہمانانِ خصوصی تھے۔
استقبالیے میں چینگدو میں تعینات مختلف ممالک کے قونصلر نمائندگان، سیچوان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور جنوب مغربی چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کا ویڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت دوستی کی زندہ گواہی ہے جبکہ فن دونوں اقوام کے درمیان گہرے جذباتی روابط کو عملی شکل دیتا ہے۔
سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ باہمی دوستی اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل اور خوشی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے سیچوان کے عوام اور مختلف اداروں کی مسلسل حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیچوان صوبائی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین ہی یان ژینگ نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سیچوان اپنی تقابلی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی اور ثقافتی روابط کے مزید ذرائع کو وسعت دے گا، پاکستان کے ساتھ مختلف سطحوں پر تعاون اور تبادلوں کو فروغ دے گا اور چین پاکستان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرے گا۔
استقبالیے میں پاکستان اور چین کی ثقافت کی عکاسی کرنے والے مختلف فنون اور ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ چینی اور پاکستانی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش بھی کی گئی، جس کے دوران دونوں ممالک کے خطاطوں نے فنکارانہ تبادلے میں حصہ لیا۔
پاکستانی اور چینی فنکاروں کی جانب سے پیش کیے جانے والے ثقافتی پروگراموں نے مہمانوں کو دونوں ممالک کی قدیم ثقافتی روایات اور باہمی قربت سے روشناس کرایا۔
پاکستان کے معروف معرفت صوفی بینڈ کی خصوصی قوالی استقبالیے کی نمایاں خصوصیت رہی، جسے حاضرین نے بھرپور سراہا۔
تقریب کے دوران چینی اور غیر ملکی مہمانوں کو ایک دوسرے سے ملاقات، خیرسگالی کے تبادلے اور پاک چین دوستی و تعاون کے فروغ کے امکانات پر گفتگو کا موقع بھی ملا۔
مقامی حاضرین نے پاکستانی اور چینی فنکاروں کی مشترکہ ثقافتی پیشکش کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزید نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
