اسلام آباد: پاکستان اسٹریٹجک اسٹیبلیٹی انسٹی ٹیوٹ (پی ایس ایس آئی) کے چیئرمین سفیر سید وقار احمد شاہ نے مملکت ناروے کے پاکستان میں سفیر عزت مآب سگوالڈ ہاؤگ سے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) میں علاقائی استحکام کے موضوع پر ملاقات اور مذاکرات کیے۔
ملاقات میں علاقائی امن، تنازعات کی روک تھام، انسانی ترقی، تعلیم اور اسکالرشپس، ثقافتی تبادلوں اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور ناروے کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے مشترکہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور عوامی سطح پر روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
چیئرمین پی ایس ایس آئی سفیر سید وقار احمد شاہ نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو اجاگر کیا اور ناروے کی جانب سے انسانی امداد، ترقی اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔
ناروے کے سفیر سگوالڈ ہاؤگ نے پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے ناروے کے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
مذاکرات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان سفارت کاری، باہمی تعاون اور تعمیری روابط کے ذریعے امن، استحکام اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
