اسلام آباد (سب نیوز)سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف سے ترک سفیر نے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات کی ہے، جس میں ترکیہ نے پاکستان کے بحری شعبے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)کی نجکاری میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی یہ اہم ملاقات وزیراعظم ہاوس میں ہوئی۔ اس اعلی سطح کی بریفنگ اور نشست میں ترکیہ کے نائب سفیر برک ایجے بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے دفاعی تعاون میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور خطے میں مشترکہ سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی۔
ترک سفیر نے پاکستان کے کلیدی معاشی شعبوں میں ترک کاروباری اداروں کی شمولیت بڑھانے کا عندیہ دیا۔انہوں نے خاص طور پر بحری شعبے، بڑے انفراسٹرکچر پراجیکٹس اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری و تنظیم نو میں ترکیہ حکومت اور سرمایہ کاروں کی جانب سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے پاکستان کے معاشی استحکام میں ترکیہ کی مسلسل اور بے لوث دلچسپی کا پرجوش خیرمقدم کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم مضبوط سیاسی اور سفارتی تعلقات کو اب وسیع تر معاشی، تجارتی اور بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی)تعاون کے ٹھوس سانچے میں ڈھالنے کا وقت آ گیا ہے۔ملاقات کے اختتام پر فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور مستقبل میں اقتصادی تعاون کو باہمی مفاد میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حمزہ شہباز سے ترک سفیر کی ملاقات، اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
