اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری اور اقتصادی اہداف پر کیے گئے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی اہداف پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔پاکستان نے کہاکہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور یمن کے تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔پاکستان نے حملوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے اس جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے علاقے کے دفاع، اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ اور اپنے قومی اثاثوں کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔پاکستان نے کہاکہ وہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔
سعودیہ کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان کا حوثی حملوں پر سعودی عرب سے اظہار یکجہتی، غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
