نئی دہلی (سب نیوز)بھارت نے پاکستان میں ہونے والے 2027کے جنوبی ایشیائی فیڈریشن(سیف)گیمز میں شرکت پر اصولی رضامندی دے دی ہے، جس کے بعد 23 سال بعد پاکستان میں علاقائی کثیر کھیلوں کے مقابلوں کی واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل خالد محمود نے بتایا کہ جنوبی ایشیائی اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلی سطح اجلاس میں بھارت کی نمائندگی موجود تھی اور اسے کھیلوں میں شرکت کی دعوت دی گئی، جس پر بھارتی حکام نے اصولی طور پر شرکت پر آمادگی ظاہر کی۔خالد محمود کے مطابق بھارت کی شرکت کا فیصلہ متعلقہ علاقائی کھیلوں کی سطح پر اصولی طور پر ہوگیا ہے، جبکہ بھارتی دستے کی تفصیلات جنوری 2027 میں فراہم کی جائیں گی۔
2027 سیف گیمز 4 سے 11 اپریل تک منعقد ہوں گے، جن میں 28 کھیل شامل ہوں گے۔ مقابلے اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں کرائے جائیں گے۔اسلام آباد میں 15 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جن میں اسکواش، ٹینس اور مارشل آرٹس شامل ہیں، جبکہ لاہور میں تیراکی، کرکٹ اور ہاکی سمیت 10 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ پشاور میں 3 کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس میں سیف گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عالمی معیار کے کھیلوں کے مقامات، سیکیورٹی، آمدورفت، رہائش، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات پر غور کیا گیا۔
حکومت نے غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز، کوچز، تماشائیوں اور میڈیا نمائندوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔نائب وزیراعظم نے متعلقہ صوبائی حکومتوں اور کھیلوں کے محکموں کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے افتتاحی تقریب سے قبل تیاریوں کی تکمیل کی ہدایت کی ہے۔پاکستان نے آخری مرتبہ 9ویں سیف گیمز کی میزبانی 29 مارچ سے 7 اپریل 2004 تک اسلام آباد میں کی تھی۔ 2027 کے کھیلوں کی میزبانی کے ساتھ پاکستان 23 سال بعد ایک بار پھر اس علاقائی کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔سیف گیمز میں بھارت کی شرکت کو خطے میں کھیلوں کے روابط کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ میزبانی سے پاکستان کے کھلاڑیوں کو ہوم گرانڈ پر علاقائی حریفوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔
بھارت نے پاکستان میں ہونے والے 2027سیف گیمز میں شرکت پر رضامندی دیدی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
