ہومتازہ ترینسی ڈی اے میں ماہانہ ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں تبدیلیوں کیلئے نیا معیاری طریقہ کار نافذ،نوٹیفکیشن سب نیوز پر

سی ڈی اے میں ماہانہ ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں تبدیلیوں کیلئے نیا معیاری طریقہ کار نافذ،نوٹیفکیشن سب نیوز پر

اسلام آباد(سب نیوز) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں تبدیلیوں کی بروقت، شفاف اور درست پروسیسنگ کے لیے معیاری طریقہ کار(ایس او پی )نافذ کر دیا۔سی ڈی اے کے اکانٹس آفیسر پے اینڈ آڈٹII کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق تمام ڈائریکٹوریٹس، ڈویژنز اور فارمیشنز کو ماہانہ پے رول سے متعلق تبدیلیاں مقررہ طریقہ کار کے تحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت ہر ڈائریکٹوریٹ اور ڈویژن کے کیشیئرز ماہانہ پے رول میں ہونے والی تبدیلیوں کی تیاری، تصدیق اور بروقت جمع کرانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ پے رول تبدیلیوں میں نئی بھرتی، تبادلہ و تعیناتی، ترقی و اپ گریڈیشن، سالانہ انکریمنٹ، تنخواہ کا تعین یا ازسرنو تعین، الانسز کا اجرا یا بندش، بغیر تنخواہ یا مکمل تنخواہ پر چھٹی، زائد ادائیگیوں کی ریکوری، جی پی فنڈ، ہاوس بلڈنگ اور موٹر کار ایڈوانسز و ریکوریز، انکم ٹیکس ایڈجسٹمنٹ، معطلی و بحالی، ریٹائرمنٹ، استعفی یا ملازمت کا خاتمہ، وفات، ڈیپوٹیشن و واپسی سمیت ماہانہ تنخواہ پر اثر انداز ہونے والی دیگر تمام تبدیلیاں شامل ہوں گی۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ہر ڈائریکٹوریٹ یا ڈویژن اپنے ملازمین سے متعلق تمام تبدیلیوں پر مشتمل ایک ہی جامع ماہانہ پے رول پرفارما جمع کرائے گا، جبکہ الگ الگ کیسز کے لیے انفرادی پروفارما قابل قبول نہیں ہوں گے۔تمام ماہانہ پے رول تبدیلیوں کا مشترکہ پروفارما ہر ماہ کی 10تاریخ تک اکاونٹس آفیسر پے اینڈ آڈٹ-II کو جمع کرانا ہوگا، تاکہ اسے متعلقہ ماہ کے پے رول سائیکل میں شامل کیا جا سکے۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی تبدیلیاں معمول کے مطابق اگلے ماہ کے پے رول سائیکل میں منتقل کی جائیں گی، تاہم مناسب جواز اور مجاز اتھارٹی کی منظوری سے غیر معمولی کیسز پر غور کیا جا سکے گا۔

ہدایت کے مطابق ہر تبدیلی کے ساتھ متعلقہ دستاویزی ثبوت، مجاز اتھارٹی کی منظوری، آفس آرڈر، نوٹیفکیشن یا دیگر متعلقہ دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ متعلقہ ڈائریکٹوریٹ یا ڈویژن جمع کرانے سے قبل تمام معلومات کو سرکاری ریکارڈ سے مکمل طور پر تصدیق کرنے اور تبدیلی کی مثر تاریخ و مالی اثرات درست طور پر ظاہر کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔سی ڈی اے نے مزید ہدایت کی ہے کہ نامکمل، غیر مصدقہ یا غلط جمع کرائے گئے کیسز تصحیح کے لیے متعلقہ ڈائریکٹوریٹ یا ڈویژن کو واپس کیے جا سکتے ہیں اور خامیاں دور ہونے تک ان پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔ماہانہ پے رول کو حتمی شکل دینے سے قبل تنخواہوں میں غیر معمولی تبدیلیوں، ڈپلیکیٹ ادائیگیوں، غیر مجاز الانسز، غلط ریکوریز اور دیگر بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے لیے مفاہمتی عمل بھی کیا جائے گا۔مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں پر اثر انداز ہونے والی کسی بھی تبدیلی کی بروقت اطلاع نہ دینے یا غلط معلومات فراہم کرنے کے نتیجے میں ہونے والی غلط ادائیگی کی ذمہ داری متعلقہ معلومات کی تصدیق اور تصدیق شدہ دستاویزات فراہم کرنے والے افسران پر عائد ہوگی۔ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بار بار تاخیر یا ناقص معلومات کی فراہمی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور معاملہ اعلی حکام کے نوٹس میں لایا جا سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔