ہومپاکستانجناح ہاوس جلاو گھیراو کیس، حماد اظہر کا 20روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جناح ہاوس جلاو گھیراو کیس، حماد اظہر کا 20روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

لاہور (سب نیوز)انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما حماد اظہر کو جناح ہاوس جلاو گھیراو کیس میں 20روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
حماد اظہر کو لاہور پولیس نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔ جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کے بعد پولیس حماد اظہر کو لیکر واپس روانہ ہوگئی۔حماد اظہر کی پیشی کے موقع پر جج ملک عابد حسین نے میڈیا نمائندوں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کردی، جج نے کہا کہ وکلا اور تفتیشی افسر کے علاوہ سب لوگ کمرہ عدالت سے باہر چلے جائیں۔
دوران سماعت پراسکیوشن نے کہا کہ حماد اظہر کی 9مئی کو جناح ہاوس حملہ کیس میں گرفتاری ڈالی گئی، ملزم مقدمے میں نامزد ہے، تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے، ملزم کے سوشل میڈیا اکاونٹس جن سے انتشاری مہم چلائی گئی وہ بھی ریکور کرنے ہیں۔وکیل حماد اظہر نے عدالت کو بتایا کہ 9مئی کو حماد اظہر گواجرانولہ میں تھے،موقع پر موجود نہیں تھے، عدالت جیوفینسنگ سے بھی ملزم کی لوکیشن چیک کرسکتی ہے، سوشل میڈیا اکاونٹس ،فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے کیلئے تیار ہیں، مستقبل میں آنے والے شواہد کی بنیاد پر ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کو حراست میں لے کر تفتیش جاری ہے،حماد اظہر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل سامنے آگئیں۔ پولیس کے مطابق حماد اظہر 48مقدمات میں مطلوب تھے جن میں 17 مقدمات دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہیں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی بازیابی کے لیے انکی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ حماد اظہر کی والدہ نے بیرسٹر ابو زر سلیمان خان نیازی کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا ہے کہ دو روز قبل حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لیا گیا تھا لیکن انہیں تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔