سمرقند(سب نیوز) : پاکستان کے سینیٹر آغا شہزیب درانی نے ازبکستان کے تاریخی شہر سمرقند میں منعقد ہونے والی انٹر پارلیمانی یونین (آئی پی یو ) کی گلوبل کانفرنس آف ینگ پارلیمنٹیرینز 2026 کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اس باوقار بین الاقوامی اجتماع میں 75 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوان ارکانِ پارلیمنٹ اور پارلیمانی وفود نے شرکت کی۔ کانفرنس نے نوجوان نسل کو درپیش عالمی چیلنجز پر مکالمے اور ایک زیادہ جامع اور پائیدار مستقبل کی تشکیل میں نوجوان قانون سازوں کے کردار پر غور و خوض کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینیٹر آغا شہزیب درانی نے دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کے درمیان مذاکرات کی قیادت کی اور سیاسی فیصلہ سازی میں نوجوانوں کی مؤثر نمائندگی اور بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
سمرقند میں منعقدہ اس کانفرنس نے نوجوان قانون سازوں کو اپنے خیالات اور تجربات کے تبادلے، پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے اور ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کا اہم موقع بھی فراہم کیا۔
سینیٹر آغا شہزیب درانی کی جانب سے اجلاس کی صدارت پاکستان کی انٹر پارلیمانی یونین میں فعال شمولیت، بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں بڑھتے ہوئے کردار اور نوجوان قیادت کے فروغ کے لیے پاکستان کے مؤثر کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دنیا کی نوجوان نسل کی آواز کو مؤثر سیاسی شمولیت، پالیسی سازی اور عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
