بیجنگ :چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے نیپال کے وزیر خارجہ شیسر کھنال سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔اتوار کے روز وانگ ای نے کہا کہ نیپال کے سرحدی علاقوں میں اچانک گلیشیر ٹوٹنے سے شدید مڈ سلائیڈ کی آفت کے نتیجے میں دونوں ممالک میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا اور کئی افراد لاپتا ہوئے ۔ یہ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کو درپیش سرحد پار سب سے سنگین آفت ہے، اور امدادی کاموں میں پیچیدگی اور مشکلات کی جو صورتحال اس وقت درپیش ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ وانگ ای نے کہا کہ چین نے اس صورت حال کو انتہائی اہمیت دی ہے۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے اجلاس میں خاص طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ نیپال کے متاثرہ علاقوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور بین الاقوامی امدادی تعاون کیا جائے۔ یہ چین کی جانب سے ایک اہم سیاسی فیصلہ ہے جو نیپال کے لوگوں کے ساتھ دوستی کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔وانگ ای نے کہا کہ نیپال کے لیے چین کی جانب سے انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کے ایک پیکج پر عمل درآمد جاری ہے۔ چین نے نیپال کو متاثرہ علاقے کی تصاویر، سیٹلائٹ اور ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا سمیت اہم معلومات، بشمول اوپری علاقے میں بننے والے بند کی پیشگی وارننگ کی معلومات بھی شیئر کی ہیں ۔ چینی علاقے میں پھنسے نیپالی شہریوں کے لیے چین نے مناسب انتظامات کیے ہیں اور انہیں جلد از جلد نیپال واپس جانے میں مدد دی جائے گی۔ چین نیپال کا شکریہ ادا کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ نیپال اپنے ملک میں چینی شہریوں کو بچانے اور ان کی محفوظ مقام پر منتقلی کا کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور نیپال پہاڑوں اور دریاؤں سے جڑی ہوئی مشترکہ مقدر والی ایک برادری کی صورت ہیں ۔ آفت کے سامنے دونوں ملکوں کو مضبوطی سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، مل کر مقابلہ کرنا چاہیے، مشکلات پر قابو پانا چاہیے، اور عملی اقدامات سے ہمالیہ کے پار روایتی دوستی کا اظہار کرنا چاہیے۔شیسر کھنال نے نیپالی قیادت کی جانب سے چینی حکومت، عوام اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ، اور چین کی فوری انسانی ہمدردی پر مبنی امداد پر خلوص دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیپال اور چین دونوں متاثرہ ملک ہیں، مگر چین نے اپنی مشکلات کے باوجود آفت کے فوری بعد نیپال کا ساتھ دیا اور امداد فراہم کی ۔
نیپال کے لیے چین کی جانب سے انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کے ایک پیکج پر عمل درآمد جاری ہے، چینی وزیر خارجہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
