اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیپال میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج دوپہر نیپال کے وزیراعظم بالیندر شاہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے حالیہ اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر تباہی پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے حکومت اور عوام پاکستان کی جانب سے نیپال کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن تعاون اور مدد کی پیشکش کی۔ انہوں نے نیپالی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے نیپال کو ہنگامی امدادی سامان بھیج رہا ہے۔
وزیراعظم بالیندر شاہ نے ٹیلیفونک رابطے اور قدرتی آفت کے بعد پاکستان کی جانب سے یکجہتی اور حمایت کے اظہار پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے امداد کی فراخدلانہ پیشکش پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا نیپالی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی پیشکش
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
