ہومبریکنگ نیوزمذاکرات کی دعوت دے دے کر تھک گئے ، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائے گی تو دیکھیں گے، ایاز صادق

مذاکرات کی دعوت دے دے کر تھک گئے ، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائے گی تو دیکھیں گے، ایاز صادق

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا حق ہے کہ وزیراعظم یا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد لائے۔
پارلیمنٹ کی احاطے میں زیتون کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے دے کر تھک گئے، تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا سیاسی اور جمہوری حق ہے، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائے گی تو سہولت دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ نہیں کہیں گے کہ آپ تحریک عدم اعتماد نہیں لا سکتے، تحریک عدم اعتماد آئے گی تو دیکھیں گے۔
اسپیکر نے کہا کہ ہمارے سیشنز کی کارکردگی میں روز بروز بہتری آ رہی ہے، اسپیکر کی ذمہ داری نہیں کہ کورم مکمل کرے، یہ حکومت اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ کورم مکمل کرے۔
انہوں نے کہا کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں تمام لوگ موجود تھے، کل مزید بہتری آئے گی۔ اس فورم کے نمائندے اپنے علاقے کی مسائل پر بات کرتے ہیں، اس فورم کو خالی چھوڑنا مناسب نہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں لیجیسلیشن کے حوالے سے اتحاد کیا ہے یہ ابھی چیز ہے۔ پی ٹی آئی کے کمیٹیوں سے استعفی میں نے ابھی تک قبول نہیں کیے، میری یہی خواہش ہے میں پی ٹی آئی کے استعفے قبول نہ کروں۔
واضح رہے گزشتہ روز مشترکہ اپوزیشن کے پہلے پارلیمانی اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور پارلیمانی نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پارلیمان کے اندرمشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے، ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، امن و امان اورعدالتی معاملات سمیت مختلف امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج گھٹن کے ماحول میں اسمبلی کے حزب اختلاف کے ارکان ایک نقطے پر متفق ہوگئے ہیں، یہ خوشی اور مبارکباد کا دن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اتحاد پاکستان کی کھوئی ہوئی عظمت واپس دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی مشترکہ اپوزیشن کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیا، حزب اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے والی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مشترکہ اپوزیشن کا کردار ادا کریں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔