ہومتازہ ترینسائبر خطرات سے کاروباری برادری کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ذکریا اکبر ضیاء

سائبر خطرات سے کاروباری برادری کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ذکریا اکبر ضیاء

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کاروباری برادری کو سائبر کرائمز سے درپیش مسائل کے حل، ڈیجیٹل سکیورٹی سے متعلق آگاہی کے فروغ اور تاجروں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے باہمی تعاون اور ادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے چیمبر ہاؤس میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب خان اور آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء، سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ اور نائب صدر محمد وقاص خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔ اس موقع پر این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے کاروباری برادری کو سائبر کرائمز سے متعلق درپیش مسائل اور تحفظات کا جائزہ لیا اور ان کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں دونوں اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ کور کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جو باہمی رابطوں کو مؤثر بنانے، کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی وضع کرنے اور شکایات کے ازالے میں معاونت فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ تاجروں اور کاروباری افراد کو سائبر خطرات، ڈیجیٹل سکیورٹی اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی سیشنز منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء نے کہا کہ کاروباری برادری کو بڑھتے ہوئے سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے چیمبر اور این سی سی آئی اے کے درمیان مضبوط اور مؤثر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری ادارے مواصلات، مالی لین دین اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے تیزی سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر انحصار کر رہے ہیں، اس لیے سائبر کرائمز کی روک تھام اور ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانا ڈیجیٹل معیشت پر اعتماد کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئی سی سی آئی اپنے دیگر خصوصی شعبہ جاتی کمیٹیوں کی طرز پر ایک سائبر کرائمز کمیٹی قائم کرے گا، جو کاروباری برادری کے مسائل کی نشاندہی، این سی سی آئی اے کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور متاثرہ ممبران کے مسائل کے عملی حل کے لیے کام کرے گی۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے بھی کاروباری اداروں کو سائبر کرائمز کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس ضمن میں این سی سی آئی اے کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان باقاعدہ روابط اور تاجروں و کاروباری افراد میں ڈیجیٹل سکیورٹی سے متعلق آگاہی بڑھانے سے سائبر جرائم کی روک تھام اور نئے ڈیجیٹل خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گی۔
آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر ابرار الحق نے این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کو اسلام آباد کمپیوٹر ایسوسی ایشن، اسلام آباد موبائل ایسوسی ایشن اور اسلام آباد رئیلٹرز ایسوسی ایشن کو درپیش مخصوص مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کاروباری شعبوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کرنے کے لیے مربوط رابطہ کاری کا نظام ضروری ہے تاکہ کاروباری افراد ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق زیادہ اعتماد اور تحفظ کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
ملاقات میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران اسرار مشوانی، سید عمران بخاری، چوہدری مظہر, ملک راشد طفیل، شعیب ارشد ملک، شاھد عباسی، محمد نعمان اور چیمبر کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ شرکاء نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مشترکہ کور کمیٹی، آئی سی سی آئی کی مجوزہ سائبر کرائمز کمیٹی اور آگاہی سیشنز کے ذریعے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا اور اسلام آباد کی کاروباری برادری کو سائبر کرائمز سے متعلق مسائل کے حل اور ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔