ہومپاکستانپاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے اگلے مرحلے میں برآمدات کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے، نجی شعبے کی شمولیت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار فانڈرز کاربن نیٹ ورک (ایف سی این) کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے نیدرلینڈز کے کاروباری وفد کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے دوران کیا۔

تقریب میں پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکریٹری تجارت اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر خزانہ نے ڈچ کاروباری وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں اس کی دلچسپی کو سراہا اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، باہمی افہام و تفہیم بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے کاروباری حلقوں کے درمیان مسلسل روابط سے قابل عمل سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی، مشترکہ کاروباری شراکت داریوں کے قیام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے میں مدد ملے گی۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی منظرنامے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کے حصول میں ہونے والی پیش رفت کو پیداواری سرمایہ کاری، سرمائے کی تشکیل، برآمدات میں اضافے اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئندہ معاشی ترقی برآمدات پر مبنی، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے، جس کے لیے مسلسل ساختی اصلاحات اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

وزیر خزانہ نے حکومت کی اقتصادی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کو مستحکم کرنا، مالیاتی اور بیرونی شعبوں کی مضبوطی میں اضافہ، پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دینا اور ساختی اصلاحات پر مثر عمل درآمد حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے امداد پر انحصار کم کرکے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں، زراعت، رہائش اور محروم طبقات کے لیے مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے اور ڈیجیٹلائزیشن و جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب امریکی ڈالر کی تاریخی بلند سطح تک پہنچ چکے ہیں، جو تین ماہ سے زائد کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت کو برقرار رکھنا اور بیرونی معاشی دھچکوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانا سرمایہ کاروں کے اعتماد اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔انہوں نے آبادی میں تیز رفتار اضافے اور موسمیاتی تبدیلی کو پاکستان کے لیے دو بڑے اور سنگین چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اثرات معاشی پائیداری، انسانی ترقی اور مستقبل میں ملک کی مشکلات سے نمٹنے کی صلاحیت پر مرتب ہوتے ہیں۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقل پالیسی توجہ اور مربوط اصلاحات ضروری ہیں۔پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اقتصادی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈچ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داریوں کو نجی سرمایہ متحرک کرنے، خصوصی مہارت سے فائدہ اٹھانے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کو قابل عمل کاروباری منصوبوں میں تبدیل کرنے کا مثر ذریعہ قرار دیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری نے نجکاری اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داریوں کے ذریعے معیشت میں نجی شعبے کی شرکت بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کارکردگی بہتر بنانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور تجارتی سرگرمیوں میں نجی کاروباری اداروں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھنے، بیرونی شعبے کی مضبوطی اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کے ذریعے پیداواری اقتصادی سرگرمیوں کی معاونت کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے تجارت کو آسان بنانے کے لیے جاری کوششوں اور تجارتی رکاوٹیں دور کرنے اور ادارہ جاتی رابطہ کاری بہتر بنانے میں ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ڈچ وفد کے ارکان نے پاکستان کے کاروباری ماحول اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات کے حوالے سے اپنے خیالات پیش کیے۔ گفتگو میں کاروباری روابط بڑھانے، مشترکہ دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی اور پاکستانی و ڈچ کمپنیوں کے درمیان قابل عمل تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داریوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان مضبوط کاروباری روابط کو تجارت، سرمایہ کاری اور طویل المدتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ حکومت نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور ملکی اقتصادی ترقی میں نجی شعبے کی مثر شرکت بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔