افواج پاکستان نے قوم کو پاکستان کے 79 ویں جشن آزادی کے پُرمسرت موقع پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ائیرچیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
پاکستان اپنی بہادر افواج پر فخر کرتا ہے، یوم آزادی پر وزیراعظم کا قوم کو اتحاد، امن اور ترقی کا پیغام
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کیلئے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔ قوم کے ساتھ متحد ہو کر مسلح افواج امن و استحکام کے تحفظ کیلئے ثابت قدم رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے قوم کو اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کے فروغ کا پیغام دیا اور غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کیا، شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
جشن آزادی پاکستان،برج خلیفہ پاکستانی رنگوں سے جگمگا اٹھا
یوم آزادی کے موقع پر دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی اور نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
