اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں: فوٹو اسکرین گریب
وزیراعظم شہباز شریف نے یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے ، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے جواب دیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان عزت اور وقار کے ساتھ امن کے لیے کھڑا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہے جس نے ہمیں آزاد وطن جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔ ہمارے بزرگوں نے آزادی کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یادگارِ فتح قوم کے عزم و ہمت، مسلح افواج کی مہارت اور برتری کی علامت ہے۔ انہوں نے معرکۂ حق میں عظیم کامیابی پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ صرف 8 ماہ کے قلیل عرصے میں یادگارِ فتح کی تعمیر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ذاتی دلچسپی کا نتیجہ ہے۔ یادگارِ فتح قومی اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے جبکہ معرکۂ حق میں کامیابی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے اور پانی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت راہ راست پر نہ آیا تو پاکستان اسے جواب دے گا، دشمن معرکۂ حق میں ہونے والی عبرتناک شکست کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نئی نسل کو ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تاریخی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا، جبکہ حال ہی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے لیے امن کی نوید اور دنیا میں استحکام کی علامت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت بھی جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، تاہم ملکی سلامتی، خودمختاری اور آبی وسائل کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
