اسلام آباد، (سب نیوز )پاکستان میں روانڈا کے ہائی کمیشن نے روانڈا ڈویلپمنٹ بورڈ( آر ڈی بی) کے اشتراک سے روانڈا-پاکستان سرمایہ کاری فورم کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ تین روزہ فورم 23 سے 25 ستمبر 2026 تک روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں منعقد ہوگا۔
روانڈا ہائی کمیشن کے مطابق فورم پاکستانی کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں، برآمد کنندگان، صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کو روانڈا کے سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے نمائندوں سے براہِ راست رابطے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
فورم کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے اور نئی کاروباری شراکت داریوں کے قیام پر توجہ دی جائے گی۔ تین روزہ پروگرام میں کاروباری اداروں کے درمیان ملاقاتیں (B2B)، کاروباری روابط، سرمایہ کاری کے فروغ کے سیشنز اور مختلف شعبوں سے متعلق خصوصی نشستیں شامل ہوں گی۔
فورم میں مینوفیکچرنگ، زرعی کاروبار، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT)، کان کنی، سیاحت، لاجسٹکس، قابلِ تجدید توانائی، صحت اور مالیاتی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے جائیں گے۔
اس موقع پر “میڈ اِن پاکستان” کے عنوان سے خصوصی نمائش بھی منعقد کی جائے گی، جس میں پاکستانی کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات اور خدمات متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔
ہائی کمیشن کے مطابق روانڈا سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور محفوظ ماحول، جدید بنیادی ڈھانچے، شفاف طرز حکمرانی، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور مسابقتی مراعات کا حامل ملک ہے۔
روانڈا میں سرمایہ کاروں کو ایسٹ افریقن کمیونٹی (EAC) کی 30 کروڑ سے زائد صارفین پر مشتمل مارکیٹ تک رسائی حاصل ہوتی ہے، جبکہ افریقی براعظمی آزاد تجارتی علاقہ (AfCFTA) کے ذریعے ایک ارب 40 کروڑ سے زائد افراد کی مارکیٹ تک رسائی کے امکانات بھی موجود ہیں۔
ہائی کمیشن کے مطابق روانڈا کے تمام شعبوں میں 100 فیصد غیر ملکی ملکیت کی اجازت ہے جبکہ سرمائے کی آمد و رفت پر بھی کوئی پابندی عائد نہیں۔
روانڈا-پاکستان سرمایہ کاری فورم کا مقصد دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کو فروغ دے کر روانڈا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور تجارت، سرمایہ کاری اور طویل المدتی تجارتی تعاون کے عملی مواقع تلاش کرنا ہے۔
