حویلی (آئی پی ایس )وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے، کسی مائی کے لعل کو مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے۔حویلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران رانا ثنا اللہ نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات منعقد ہوئے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کا دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتا ہے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ ہم کشمیر اور کشمیر ہمارا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے لیے 45 میں سے 23 سیٹیں درکار ہیں، مسلم لیگ ن 2 مراحل میں انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کر چکی ہے، آزاد کشمیر میں اب تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو گا، آزاد کشمیر کی ترقی مسلم لیگ ن کی ترجیحات میں شامل ہے ، مریم نوازنے وعدہ کیا کہ اگر کشمیر نے ن لیگ پر اعتماد کیا تو پنجاب جیسی ترقی ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق کے بعد بھارت کو معلوم ہو گیا وہ پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو دھول چٹائی۔قبل ازیں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے، کسی مائی کے لعل کو مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے۔
حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ حویلی کے الیکشن جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کریں گے ، الیکشن جیت کر حویلی کے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ حویلی میرا دوسرا گھر ہے، یہاں کے لوگوں سے اعتماد کا رشتہ ہے، مقبوضہ کشمیر بھی ایک دن آزاد کشمیر کا حصہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے، کوئی مائی کا لعل حویلی والوں سے ان کا حق چھین نہیں سکتا۔ وزیراعلی پنجاب آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی کام کرنے کی خواہاں ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ ایل اوسی کے عوام نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دیں ، لائن آف کنٹرول کے عوام پاکستان کا فخر ہیں۔
