اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان کی معروف اسپورٹس سامان ساز کمپنی فارورڈ اسپورٹس، جو فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل فٹبال تیار کرنے کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتی ہے، نے چین کے ژونگ زی ہواشین گروپ کے ساتھ پاکستان میں اعلی معیار کے اسپورٹس جوتے تیار کرنے کے لیے شراکت داری قائم کر لی ہے۔دونوں کمپنیوں کے درمیان تکنیکی تعاون اور سرمایہ کاری کے معاہدے پر اسلام آباد میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)میں دستخط کیے گئے۔
تقریب میں دونوں اداروں کی اعلی قیادت کے علاوہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت پاکستان کی اسپورٹس سامان تیار کرنے کی مہارت کو چین کی جدید صنعتی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے ساتھ یکجا کیا جائے گا، جس سے مقامی سطح پر عالمی معیار کے اسپورٹس جوتوں کی تیاری ممکن ہو سکے گی۔معاہدے کا مقصد پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا، برآمدات میں اضافہ کرنا اور ملکی صنعتی شعبے کو مزید متنوع بنانا ہے۔ اس تعاون سے پاکستان کو عالمی اسپورٹس فٹ ویئر مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔حکام کے مطابق یہ شراکت داری ٹیکنالوجی کی منتقلی، جدید پیداواری صلاحیتوں کے فروغ اور مقامی صنعت کی مسابقت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔فارورڈ اسپورٹس پہلے ہی فیفا ورلڈ کپ سمیت متعدد بین الاقوامی مقابلوں کے لیے فٹبال تیار کرتی ہے، جبکہ اس نئے معاہدے کے بعد پاکستان عالمی معیار کے اسپورٹس جوتوں کی تیاری کے میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھا رہا ہے۔
