ہومبریکنگ نیوزبرطانیہ نے پاکستانی نوجوان رہنماؤں کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس اور اسٹارٹ اپ فیلوشپس کا اعلان کردیا

برطانیہ نے پاکستانی نوجوان رہنماؤں کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس اور اسٹارٹ اپ فیلوشپس کا اعلان کردیا

اسلام آباد(سب نیوز) برطانیہ نے پاکستان کی نئی نسل کے رہنماؤں، محققین اور کاروباری افراد کے لیے تین اہم پروگرامز کے تحت درخواستیں طلب کرلی ہیں، جن کے ذریعے پاکستانی باصلاحیت افراد کو عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے، اختراعی خیالات کو فروغ دینے اور بین الاقوامی روابط استوار کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

ان پروگرامز میں چیوننگ اسکالرشپس، چیوننگ آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز فیلوشپ اور کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ شامل ہیں۔

چیوننگ اسکالرشپس کے تحت برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں ایک سالہ ماسٹرز ڈگری کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ان اسکالرشپس کے لیے ایسے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں جو قائدانہ صلاحیت، اثر و رسوخ اور مثبت تبدیلی کے لیے واضح وژن رکھتے ہوں۔

چیوننگ آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز فیلوشپ کے تحت وسطِ کیریئر کے ماہرین تعلیم اور پیشہ ور افراد کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں آزادانہ تحقیق کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اسی طرح کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ اعلیٰ صلاحیت رکھنے والے کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کو مزید مضبوط بنانے، برطانوی ماہرین سے سیکھنے اور اپنے کاروبار کو بڑے پیمانے پر وسعت دینے کی تیاری میں معاونت فراہم کرے گی۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ CMG OBE نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت افراد کی کوئی کمی نہیں اور یہ پروگرامز باصلاحیت پاکستانیوں کو وہ مہارتیں، روابط اور خیالات فروغ دینے میں مدد فراہم کرتے ہیں جو اداروں کی قیادت، کاروباروں کی ترقی اور دنیا کو درپیش بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے اور برطانیہ سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں کے ساتھ دیرپا روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق درخواست دہندگان کو اپنی ذاتی تجربات، خیالات اور مستقبل کے عزائم کی بنیاد پر درخواستیں تیار کرنا ہوں گی اور انہیں مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ جوابات جمع نہیں کرانے چاہئیں۔ AI سے تیار کردہ جوابات استعمال کرنے والے امیدواروں کی درخواستیں مسترد کی جا سکتی ہیں۔

تینوں پروگرامز میں سفری اخراجات، کورس فیس، ویزا اخراجات اور رہائشی اخراجات پورے کرنے کے لیے وظیفہ شامل ہے۔

ان پروگرامز کے ذریعے شرکاء کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی روابط قائم کرنے، مختلف ثقافتوں اور نقطہ ہائے نظر سے واقفیت حاصل کرنے اور برطانیہ اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے دیگر رہنماؤں کے ساتھ دیرپا تعلقات استوار کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان میں چیوننگ پروگرام کے 2,000 سے زائد سابق طلبہ مختلف شعبوں بشمول سرکاری خدمات، کاروبار، تعلیم، میڈیا اور سول سوسائٹی میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

دنیا بھر میں چیوننگ پروگرام کے سابق طلبہ میں 20 سے زائد موجودہ یا سابق سربراہانِ مملکت و حکومت بھی شامل ہیں۔

چیوننگ اسکالرشپس کے لیے درخواستیں chevening.org/apply کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

چیوننگ آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز فیلوشپ کے لیے درخواستیں chevening.org/fellowship/ocis/ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ کے لیے درخواستیں 3 اگست سے یکم ستمبر 2026 تک جاری رہیں گی۔ مزید معلومات کامن ویلتھ اسکالرشپ کمیشن کی ویب سائٹ cscuk.fcdo.gov.uk/apply پر دستیاب ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔