اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سابق وزیر اعظم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور، قومی مفاد سے متعلق اہم معاملات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے ملک میں جمہوری اقدار کے استحکام، پارلیمانی اداروں کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور قومی یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی مسائل کے حل اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے درمیان مثبت اور تعمیری مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوری نظام کا محور ہے اور قومی معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں اس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سینیٹ کو ایک مثر، فعال اور جامع ایوان کے طور پر مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
راجہ پرویز اشرف نے پارلیمانی روایات کے فروغ اور قومی مفاد میں سیاسی ہم آہنگی کے لیے چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مضبوط جمہوری ادارے ہی ملک کی سیاسی و معاشی ترقی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ قومی مفاد کو ہمیشہ سیاسی اختلافات پر ترجیح دی جانی چاہیے۔
