راولپنڈی (سب نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر)لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کا بنیادی مسئلہ ایلیٹ ازم اور سرداری نظام ہے، بعض بااثر طبقات اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، ان کے مطابق ایلیٹ اور سردار کہتے ہیں کہ غریب کا بچہ تعلیم حاصل نہ کر سکے، ان کو لیویز فورس کی تنخواہیں چاہئیں، ان کو اپنے ذاتی گھروں کی چوکیداری کے لیے لیویز فورس چاہیے۔
جمعہ کو انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران ملک بھر میں بڑے پیمانے پر انسداد دہشت گردی آپریشنز کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 40 ہزار 348 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں سے 31 ہزار آپریشن بلوچستان جبکہ 7 ہزار 177 آپریشن خیبرپختونخوا میں کیے گئے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق رواں سال اب تک دہشت گردی کے 3 ہزار 145 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 2 ہزار 84 مصدقہ دہشت گرد ہلاک کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ اوسطا 194 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے اور ہر روز اوسطا 10 دہشت گرد مارے گئے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں 819 افراد شہید ہوئے، جن میں 303 پاک فوج کے جوان، 194 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور 322 شہری شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2026 کے دوران اب تک 28 خودکش حملے ہو چکے ہیں۔
