مظفرآباد(سب نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیر کو جنت نظیر بنانا، خطے میں امن اور انصاف قائم کرنا اور کشمیری عوام کو ان کے تمام جائز حقوق دلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری عوام کریں گے اور حقِ حاکمیت کا تقاضا ہے کہ جس امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالا جائے، کامیابی بھی اسی کی ہو، انتخابات کا فیصلہ بیلٹ سے ہونا چاہیے، بلٹ سے نہیں، جبکہ ووٹ چوری کو کسی صورت چھپایا نہیں جانا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابات کے بعد آئینی کنونشن بلایا جائے گا، جبکہ کشمیری مہاجرین کی آزاد کشمیر اسمبلی میں مثر نمائندگی ہونی چاہیے، انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیریوں کو این ایف سی میں آبزرور اسٹیٹس دلانے کی کوشش کریں گے اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حقِ ملکیت کے ساتھ حقِ روزگار بھی فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے سے پاکستان روشن ہوتا ہے، لیکن کشمیر کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی، مظفرآباد کو بہتر ٹرانسپورٹ، روزگار، اسپتال، انٹرنیٹ کی بحالی، سڑکوں کی تعمیر، اسکولوں، جامعات اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی ٹروتھ کمیشن کی قرارداد منظور کر چکی ہے، اس لیے احتجاج کرنے والوں سے اپیل ہے کہ احتجاج ختم کرکے کمیشن کو قبول کریں۔
بلاول بھٹو نے میرپور کے انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے شواہد پیش کیے، تاہم افسوس کے ساتھ الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2 اگست سے قبل تمام انتخابی شکایات کی کھلی سماعت کی جائے اور اگر انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی تو تمام ریکارڈ عوام کے سامنے لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنی ساکھ بحال کرنا ہوگی اور ریاستی اداروں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ قومی مفاد زیادہ اہم ہے یا کسی سیاسی جماعت کا مفاد، بلاول بھٹو نے دعوی کیا کہ 12 نشستیں متنازع ہیں اور خبردار کیا کہ اگر شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو عوامی احتجاج میں اضافہ ہو سکتا ہے۔جلسے کے دوران شرکا نے “جعلی الیکشن نامنظور”، “فارم 47 کا الیکشن نامنظور” اور “گولی نہیں، بیلٹ کا فیصلہ قبول” کے نعرے بھی لگائے۔
کشمیر میں انتخابات کا فیصلہ بیلٹ سے ہونا چاہئے، بلٹ سے نہیں، بلاول بھٹو
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
