ہومتازہ تریناسلام آباد کی یونین کونسلز کے کلیکشن پوائنٹس کی اوپن نیلامی، ریکارڈ 11 کروڑ 27 لاکھ روپے کی بولی

اسلام آباد کی یونین کونسلز کے کلیکشن پوائنٹس کی اوپن نیلامی، ریکارڈ 11 کروڑ 27 لاکھ روپے کی بولی

اسلام آباد(سب نیوز)میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی ) نے اسلام آباد کی تمام یونین کونسلز کے کلیکشن پوائنٹ کی اوپن نیلامی 27 اور 28 جولائی 2026 کو مکمل شفافیت، میرٹ اور مسابقتی ماحول میں کامیابی کے ساتھ منعقد کی۔
یہ اقدام یونین کونسلز کو مالی طور پر خود مختار بنانے، مقامی حکومتوں کو مضبوط کرنے اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی خدمات کی مؤثر فراہمی کے لیے اٹھائے گئے عملی اقدامات کا حصہ ہے۔

اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ یونین کونسلز کے کلیکشن پوائنٹس کو اوپن آکشن کے ذریعے لائسنس کرنے کا مقصد مقامی سطح پر آمدنی کے ذرائع میں اضافہ کرنا اور یونین کونسلز کو اپنے وسائل سے شہری سہولیات کی فراہمی کے قابل بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوپن آکشن کا عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور آزادانہ مسابقت کے اصولوں کے مطابق منعقد کیا گیا تاکہ سرکاری وسائل سے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اوپن آکشن کے نتیجے میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ نیلامی میں حاصل ہونے والی 4 کروڑ 27 لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم کے مقابلے میں موجودہ نیلامی سے 11 کروڑ 27 لاکھ 35 ہزار روپے کی ریکارڈ بولی حاصل ہوئی، جو 7 کروڑ 1 لاکھ 15 ہزار روپے کے اضافے اور 164 فیصد نمایاں اضافے کی عکاس ہے۔ یہ کامیابی شفاف طرز حکمرانی، منصفانہ مسابقت اور مؤثر مالی نظم و نسق کا واضح ثبوت ہے۔

ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی متعلقہ یونین کونسلز میں صفائی ستھرائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، عوامی سہولیات کی بہتری، مرمت و بحالی اور دیگر بلدیاتی ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی تاکہ ہر یونین کونسل اپنی مقامی ضروریات کے مطابق عوام کو بہتر اور بروقت خدمات فراہم کر سکے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد شفافیت، جوابدہی، مالی نظم و ضبط، وسائل کے مؤثر استعمال اور مقامی حکومتوں کے استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو معیاری بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ نیلامی میں ٹھیکیداروں، کاروباری نمائندوں اور دیگر دلچسپی رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، جس کے نتیجے میں مسابقتی بولی کے ذریعے سرکاری خزانے کے لیے ریکارڈ آمدنی حاصل ہوئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔