اسلام آباد(آئی پی ایس )ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں سگنیچر امپیکٹ (پرائیویٹ)لمیٹڈ، جو افراد اور اداروں کو تبدیلی لانے والے قائدانہ پروگراموں اور جامع مارکیٹنگ حل و تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے میں مہارت رکھتی ہے، نے 6 ستمبر کو یومِ دفاع منایا اور قوم کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی بہادری، جرات اور فرض شناسی کو بھرپور طریقے سے سراہا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔کمپنی کے سی ای او انجینئر ڈاکٹر محمد افضل نے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے فخر کے ساتھ 1965 کی جنگ میں اپنے والد کی شہادت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آبا اجداد کے بہادرانہ کارنامے محض تاریخ کے ابواب نہیں بلکہ ایک زندہ ورثہ ہیں جو موجودہ نسل پر گہری ذمہ داری عائد کرتا ہے۔
اس موقع پر خصوصی مہمان، معروف صحافی فریحہ ادریس نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: ہمارے شہدا جرات، قربانی اور قومی عزم کی پائیدار علامت ہیں۔ ان کا ورثہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ وطنِ مادری کا دفاع ایک مقدس امانت ہے، جسے ہم پختہ عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔بعد ازاں ،سی ای او عدنان مختار نے اپنے اختتامی کلمات میں 1965، 1971 اور معرکہِ حق کی جنگوں کے بہادر شہدا کے لیے فاتحہ پڑھائی اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کا اختتام اس موقع کے لیے خاص طور پر تیار کیے گئے کیک کی کاٹ کے ساتھ ہوا۔
سگنیچر امپیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے زیر اہتمام یوم دفاع کی پروقار تقریب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
