ہومپاکستانصدرٹورازم ایسوسی ایشن پاکستان نوید احمد خان کا نتھیا گلی کا دورہ، ملکی سیاحت کے فروغ پر زور

صدرٹورازم ایسوسی ایشن پاکستان نوید احمد خان کا نتھیا گلی کا دورہ، ملکی سیاحت کے فروغ پر زور

نتھیا گلی(آئی پی ایس )ٹورازم ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر نوید احمد خان نے خیبر پختونخوا کے معروف سیاحتی مقام نتھیا گلی کا دورہ کیا اور علاقے کی قدرتی خوبصورتی، خوشگوار موسم اور سیاحتی امکانات کو سراہتے ہوئے ملکی سیاحت کے فروغ کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔دورے کے دوران نوید احمد خان نے نتھیا گلی کے مختلف سیاحتی مقامات کا معائنہ کیا، مقامی کاروباری شخصیات، ہوٹل مالکان، سیاحت سے وابستہ افراد اور سیاحوں سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل اور تجاویز سے آگاہی حاصل کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات سے مالا مال ملک ہے، جہاں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے قومی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مقامی معیشت مضبوط ہوگی اور پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نتھیا گلی اپنی سرسبز و شاداب وادیوں، گھنے جنگلات، خوشگوار موسم اور پرسکون ماحول کی بدولت ملک کے اہم سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ اس خوبصورت مقام کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ماحول دوست اور پائیدار سیاحت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نوید احمد خان نے حکومت خیبر پختونخوا اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاحتی انفراسٹرکچر، سڑکوں، رہائشی سہولیات، صفائی کے نظام اور دیگر بنیادی خدمات کو مزید بہتر بنانے سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان مثر تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کے قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور قومی تشخص کو عالمی سطح پر مزید فروغ ملے گا۔مقامی سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد نے سیاحت ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے نتھیا گلی سمیت ملک کے دیگر سیاحتی مقامات کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور سیاحت کی صنعت کو مزید تقویت ملے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔