ہومتازہ تریناین سی آر سی کی چیئرپرسن کی سویڈن کی سفیر سے ملاقات، بچوں کے حقوق کے فروغ پر تبادلہ خیال

این سی آر سی کی چیئرپرسن کی سویڈن کی سفیر سے ملاقات، بچوں کے حقوق کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز) نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی) کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے پاکستان میں سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وان لنڈے اور فرسٹ سیکریٹری و ہیڈ آف پولیٹیکل افیئرز اینڈ بزنس پروموشن لوویسا ہوف مین کا این سی آر سی دفتر میں خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے حوالے سے وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ہر بچے کی فلاح و بہبود کے تحفظ اور فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ بالخصوص بچیوں کے حقوق پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ صنفی مساوات کو گفتگو کا مرکزی موضوع قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا گیا کہ ایک جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے بچیوں کو بااختیار بنانا اور لڑکوں و مردوں کو بھی اس عمل میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔

ملاقات میں پاکستان کی نوجوان آبادی کی بے پناہ صلاحیتوں اور بچوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا گیا تاکہ انہیں مثبت تبدیلی کے مؤثر عوامل کے طور پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

تعاون کے ممکنہ شعبوں کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرپرسن این سی آر سی اور سویڈن کی سفیر نے مشترکہ آگاہی مہمات، وکالت پر مبنی اقدامات اور بچوں کی شمولیت کے ذریعے بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

این سی آر سی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر بچے کے حقوق کو تسلیم، محفوظ اور یقینی بنانے کے لیے سویڈن کے سفارتخانے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔