لاہور(سب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے لاہور میں ملاقات کی۔ جس میں تجارت، زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
پنجاب میں فارماسیوٹیکل، توانائی، صحت، آبی وسائل اور ڈیجیٹل جدت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔پرتگالی سفیر نے ایران اور امریکہ مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور پنجاب میں صحت کے شعبے میں اقدامات، خصوصاً پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کے قیام پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں پاکستان پرتگال بزنس فورم کے قیام اور لاہور و لزبن کے درمیان ثقافتی و تعلیمی روابط بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
پرتگالی سفیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پرتگال کے دورے کی دعوت دی۔مریم نواز نے لاہور آمد پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
