اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کی تیاریوں کے سلسلے میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ کا تیسرا روز کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس کے بعد قومی اسکواڈ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے اہم معرکوں کے لیے 13 جولائی کو اسلام آباد سے روانہ ہوگا۔ہفتہ کے روز کھلاڑیوں نے سنیاریو بیسڈ (مخصوص صورتحال پر مبنی) میچ کے دوسرے دن بھرپور حصہ لیا۔ کھیل کا باقاعدہ آغاز ہونے سے قبل کوچز نے کھلاڑیوں کو جدید ترین فیلڈنگ ڈرلز کروائیں تاکہ فیلڈنگ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
سنیاریو میچ کے دوران بالرز سے مختلف کٹھن صورتحال کے مطابق اسپیلز کروائے گئے، جبکہ اسکواڈ میں شامل تمام بلے بازوں کو میچ کے دونوں دن مختلف پیئرز (جوڑیوں) کی صورت میں بیٹنگ کا موقع فراہم کیا گیا تاکہ ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز کے مطابق بہترین کمبینیشن تیار کیا جا سکے۔مسلسل سخت ٹریننگ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار (کل) مکمل آرام کرے گی۔ شیڈول کے مطابق قومی ٹیم 13 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی، جہاں وہ 18 سے 21 جولائی تک 4 روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 2 ٹیسٹ میچز 25 جولائی سے 10 اگست تک کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ٹوروبا اور کوئینز پارک اوول پورٹ آف اسپین میں شیڈول ہیں۔
