ہومبریکنگ نیوزقومی کرکٹر محمد عامر دی ہنڈریڈ لیگ کا حصہ بن گئے، برطانوی پاسپورٹ نے راہ ہموار کردی

قومی کرکٹر محمد عامر دی ہنڈریڈ لیگ کا حصہ بن گئے، برطانوی پاسپورٹ نے راہ ہموار کردی

لندن(آئی پی ایس )پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو انگلینڈ کی معروف کرکٹ لیگ دی ہنڈریڈ کے سال 2026 کے سیزن کے لیے سائن کر لیا گیا ہے، جہاں وہ برطانوی پاسپورٹ کے حامل ہونے کی وجہ سے بطور مقامی کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد عامر کا معاہدہ ٹرینٹ راکٹس کے ساتھ ہوا ہے۔ انہیں آسٹریلوی فاسٹ بولر ڈیوڈ پین کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ڈیوڈ پین کی عدم دستیابی کے بعد ٹرینٹ راکٹس انتظامیہ نے تجربہ کار پاکستانی بولر کے نام پر مہر لگائی۔

اس بار محمد عامر کے لیے سب سے اہم اور منفرد بات ان کا برطانوی پاسپورٹ ہے۔ برطانوی شہریت ملنے کے بعد وہ اب اس لیگ میں اوورسیز (غیر ملکی) کھلاڑی کے بجائے ایک ڈومیسٹک (مقامی) کھلاڑی کی حیثیت سے نمائندگی کریں گے، جس سے ان کی ٹیم کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے کوٹے میں بھی آسانی رہے گی۔

ٹرینٹ راکٹس کا حصہ بننے پر فاسٹ بولر محمد عامر نے گہری خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک مختصر پیغام میں ٹیم میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے آنے والے سیزن کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔