ہومتازہ ترینامریکی فوج کے ایران پر فضائی حملے ، چابہار اور بندرعباس سمیت مختلف شہروں میں دھماکے، ایک فائر فائٹر جاں بحق

امریکی فوج کے ایران پر فضائی حملے ، چابہار اور بندرعباس سمیت مختلف شہروں میں دھماکے، ایک فائر فائٹر جاں بحق

تہران (آئی پی ایس) ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے جنوب مشرقی ایران کے ایرانشہر ائیرپورٹ کی تنصیبات پر حملے میں ایک فائر فائٹر جاں بحق ہوگیا۔

صوبہ سیستان و بلوچستان کے نائب گورنر اور ایرانشہر کے گورنر نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 12:30 بجے شہر بھر میں 4 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ متعدد گولے ائیرپورٹ کی فلائٹ آپریشنز کی عمارت اور محکمہ موسمیات کے اسٹیشن سے ٹکرائے، جس کے نتیجے میں دونوں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، تاہم ڈیوٹی پر موجود فائر فائٹر خالد قادری حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
واضح رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ( سینٹ کام) نے اعلان کیا تھا کہ کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر امریکی افواج نے ایران کے خلاف مزید حملے شروع کر دیے ہیں تاکہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کیا جا سکے۔

ایرانی خبرایجنسی کے مطابق بندر عباس، سرک، کونارک اور چا بہار میں دھماکے سنے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ چابہار میں دھماکوں کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، بوشہر صوبے کے قریب بھی دھماکے سنے گئےہیں۔ بوشہر پر امریکی حملے سے جوہری پاور پلانٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق چا بہار پر امریکی حملے کے باعث پروجیکٹائل کا ٹکڑا امام علی اسپتال پر گرا ہے، ایران کے ابوموسی جزیرے میں بھی دھماکے سنےگئےہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔