ہومپاکستانسپریم کورٹ اور اقوام متحدہ کا عوام دوست نظامِ انصاف کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

سپریم کورٹ اور اقوام متحدہ کا عوام دوست نظامِ انصاف کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (سب نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان مضبوط شراکت داری آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوگی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیی نے سپریم کورٹ میں الوداعی ملاقات میں عدالتی اصلاحات، قانون کی حکمرانی اور انصاف تک مساوی رسائی کے فروغ کے لیے سپریم کورٹ اور اقوام متحدہ کے درمیان جاری شراکت داری کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے پاکستان کے شعب انصاف کے ساتھ محمد یحیی کی مثبت وابستگی اور ان کی مدتِ کار کے دوران اقوام متحدہ اور عدلیہ کے درمیان فروغ پانے والے تعاون کو سراہا۔انہوں نے انصاف تک رسائی، ادارہ جاتی استعدادِ کار اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی مسلسل معاونت کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔
دونوں جانب سے عدالتی اصلاحات، صنفی حساس انصاف، قانونی اختیار دہی اور ادارہ جاتی استعدادِ کار کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوام مرکز، جامع اور جوابدہ نظامِ انصاف کے قیام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔دونوں فریق اس بات پر بھی متفق ہوئے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ نظامِ انصاف کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔چیف جسٹس جسٹس یحیی آفریدی نے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کو عدلیہ کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ عدالتی اصلاحات کا محور انصاف تک رسائی کو بہتر بنانا، عدالتی کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ، عوامی اعتماد کو مضبوط کرنا، ٹیکنالوجی پر مبنی جدت، ادارہ جاتی استحکام اور بہتر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر محمد یحیی نے اپنی مدتِ کار کے دوران سپریم کورٹ اور پاکستان کی عدلیہ کی جانب سے ملنے والے گرمجوش تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے عدالتی قیادت کے بامعنی اصلاحات کے عزم کو سراہتے ہوئے انصاف کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ہونے والی نمایاں پیش رفت کا اعتراف کیا۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قانون کی حکمرانی اور انصاف تک رسائی کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں اقوام متحدہ آئندہ بھی اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ملاقات کے اختتام پر چیف جسٹس آف پاکستان نے محمد یحیی کو خیر سگالی کے طور پر یادگاری شیلڈ پیش کی، ان کے آئندہ فرائض کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔